سرگودھا (مانیٹرنگ ڈیسک) چن فیملی نے سرگودھا اور منڈی بہاؤالدین کی قومی و صوبائی اسمبلی کی سات نشستوں کے ٹکٹ کا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں مطالبہ کر دیا ہے لیکن ٹکٹ کے معاملے پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ایک موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اگر معاملات طے ہو جاتے ہیں تو پنڈمکو کے عمران خان کے دورہ کے موقع پر چن فیملی کی طرف سے باقاعدہ تقریب منعقد کی جائے گی۔
ندیم افضل چن کے ساتھ بھلوال کے حلقہ پی پی 73 سے سابق امیدوار خالد دادپڑھار نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، جس کی انہوں نے تصدیق کر دی ہے، واضح رہے کہ اس سے قبل وسیم چن نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی جس پر ندیم افضل چن پیپلز پارٹی کے عہدہ سے مستعفی ہو گئے تھے کہ اخلاقی طور پر میں اب اس عہدے کا حق دار نہیں ہوں لیکن میں پارٹی ورکر کی حیثیت سے پیپلز پارٹی کے لیے کام کرتا رہوں گا، لیکن اب ندیم افضل چن نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، انہوں نے عمران خان سے ملاقات میں انہیں منڈی بہاؤالدین آنے کی دعوت دی ہے۔ جب تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے ندیم افضل چن کی ملاقات کے بارے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنا پیغام جاری کیا تو ایک نجی ٹی وی چینل نے تصدیق کے لیے ندیم افضل چن سے رابطہ کیا اور ان سے تحریک انصاف میں شمولیت بارے پوچھا، جس کی ندیم افضل چن نے تصدیق کر دی اور کہا کہ عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دی ہے، عمران خان 25 یا 26 اپریل کو ندیم افضل چن کے گھر جائیں گے جہاں وہ باقاعدہ تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔