سان یا(آئی این پی) پاکستان اور چین کے درمیان تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کی دو مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کردیئے گئے۔ پیر کو یہ دستخط یہاں چین کے صوبہ ہینان کے شہر سان یا میں ایک سادہ تقریب میں کئے گئے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ پاور چائنا کمپنی کے نائب صدر لی یانمنگ‘ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف‘ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد‘ چین کے سفیر یائو جنگ اور سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
سمجھوتہ انٹرسٹیٹ گیس سسٹم پاکستان اور پاور چائنہ کے درمیان طے پایا۔ سمجھوتے کے تحت شمال سے جنوب گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ گیس پائپ لائن بڑھتی ضرورت والے علاقوں میں سپلائی یقینی بنائے گی پاکستان سٹیٹ آئل اور پاور چائنہ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ سمجھوتہ کے تحت آئل ریفائنری کا قیام عمل میں لایاجائے گا اور خام تیل کی پائپ لائن بھی بچھائی جائے گی۔ منصوبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان چین کی قیادت کے مثبت وژن سے متفق ہے منصوبے کے تحت شمال سے جنوب گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔