اسلام آباد (این این آئی)بارش برسانے والا انتہائی طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث اگلے تین روز تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں پچھلے کئی روز سے گرمی زوروں پر تھی جس کے باعث شہری گرمی سے ستا رہے تھے تاہم اب پاکستان میں بارش برسانے والا انتہائی طاقتور مغربی سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے باعث بدھ تک ملک کے مختلف علاقوں میں انتہائی تیز ہواؤں
اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں اتوار سے بدھ تک وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا امکان ہے اورژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ طوفانی بارشوں کی وجہ سے مری کے مختلف علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، تاہم بارشوں کے بعد مری میں پانی کی قلت کا کافی حد تک خاتمہ ہو جائے گا۔دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اٹک میں تیز ہواؤں کے بعد موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے گردونواح کے ندی نالے پانی سے بھر گئے موسلا دھار بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔کامرہ کینٹ اور ملک کے دیگر علاقوں میں تیز آندھی اور ژالہ باری کیساتھ بارش کے باعث گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچاہے جبکہ آندھی سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اور سیاح سائن بورڈز وغیرہ کے قریب کھڑے ہونے سے اجتناب کریں۔خیبرپختونخوا،فاٹا،اسلام آباد،راولپنڈی، بالائی پنجاب میں منگل تک کہیں کہیں بارش کاامکان ہے۔ بالائی سندھ میں (آج) پیر کو چند مقامات پرگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان جبکہ شمال مشرقی بلوچستان، وسطی، جنوبی پنجاب میں چند مقامات پرگرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان
اورکشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب، ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن میں بھی چندمقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرم رہا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اورکشمیر میں چند مقامات پر تیزہواوں اور
گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخواکے علاقوں دیر 11، دوروش 10، کالام، پٹن 06، میرکھانی 05، پارہ چنار 04،بالاکوٹ، مالم جبہ3،کشمیر کے علاقوں مظفرآباد06 اور گڑھی دوپٹہ میں 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت شہید بینظیرآباد 45، پڈعیدن، دادو ،سکھر43،روہڑی، جیکب آباد، تربت، سکرنڈ، رحیم یارخان، لاڑکانہ، موہنجوداڑو میں42 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔