فیصل آباد (این این آئی ) چیف جسٹس آف پاکستان نے آئی جی پنجاب کی پیش کردہ رپورٹ کو مسترد قرار دیتے ہوئے مقتولہ مبشرہ کی قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کے احکامات صادر کر دیے، تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے جڑانوالہ میں
مقتولہ مبشرہ کیس کا از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب عارف نواز کو خود پیش ہو کر رپورٹ طلب کی تھی جس پر گزشتہ روز عدالت عظمیٰ میں سماعت شروع ہوئی تو بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا انیس الرحمن ، جنرل سیکرٹری رمضان خان نیاز ی ، خالد پرویزکھوکھر، سید مظہر حسین نقوی، رانا مہتاب آفتاب ، چودھری سلطان احمد ، محمد علیم بلوچ ایڈووکیٹس نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ابہام پایا جاتا ہے اور حقائق کو مسخ کرتے ہوئے اعضاء اور جسم پر پائے جانے والے تشدد بارے بھی نہ لکھا گیا ہے۔ جس پر عدالت عظمیٰ نے آئی جی پنجاب کی پیش کردہ رپورٹ کو مسترد کر تے ہوئے حکم صادر کیا کہ مقتولہ مبشرہ کی قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آئیں۔ عدالت عظمیٰ نے آئی جی پنجاب عارف نواز کو آئندہ سماعت پر تحریری طور پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم صادر کیا اور ابتدائی رپورٹ پر برہمی کا اظہاربھی کیا۔ صدر بار رانا انیس الرحمن نے بتایا کہ عدالت عظمیٰ نے سابقہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کو مسترد کردیا ہے۔