اسلام آباد/لاہور( این این آئی)ہ حکومت نے ڈاک کی قیمتیں 13روپے اضافے کے ساتھ 8 روپے سے بڑھا کر21 روپے کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔وزارت پوسٹل سروسز کی جانب سے وزیر اعظم کو پوسٹل ٹیرف میں اضافے کے لیے سمری بھیج دی گئی ہے جس میں وزارت پوسٹل سروسز نے حکومت سے 21روپے تک ڈاک کے نرخ بڑھانے کی سفارش کی ہے۔اس وقت ڈاک ٹکٹ پر محکمہ پوسٹل سروسز کی جانب سے 8روپے چارج کیے جا رہے ہیں۔وزیر اعظم کی منظوری کے بعد اس میں اضافہ کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام پوسٹل سروسز کو خسارے سے نکالنے کے لیے کیا جا رہا ہے جس سے پوسٹل سروسز کو سالانہ 2ارب روپے تک اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔پوسٹل سروسز کو اس وقت7ارب سے زائد مالی خسارے کا سامنا ہے جس پر محکمے کے خسارے کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اس مقصد کے لیے پوسٹل سروسز نے مختلف بینکوں کے ساتھ معاہدے کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے جس میں پاکستان پوسٹ ایجنسی سروس کا کردار ادا کر رہا ہے۔