گھوٹکی(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین پی آئی اے اور اسٹیل مل سمیت قومی ادارے چھین کر اپنے حواریوں کو دے رہے ہیں،مخالفین امیروں کی سیاست کرتے ہیں اور ان کے لیے ٹیکس اسکیم دیتے ہیں، پی پی شہید بھٹو سے لے کر آج تک غریبوں کے لیے کام کرتی ہے، عمران خان عجیب قسم کی سیاست کررہے ہیں ۔
سندھ کے جس وزیراعلی کو کرپشن پر نکالا گیا وہ خان صاحب کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔ جمعہ کو گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہمارے مخالفین امیروں کی سیاست کرتے ہیں، ان کے لیے ٹیکس اسکیم دیتے ہیں اور امیروں کا ٹیکس، قرضے معاف کرتے ہیں جب کہ پی پی شہید بھٹو سے لے کر آج تک غریبوں کے لیے کام کرتی ہے، شہید بھٹو نے وڈیروں سے زمین چھین کر غریب کسانوں کو دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پی آئی اے، اسٹیل مل اور قومی ادارے چھین کر اپنے دوستوں اور حواریوں کو دے رہے ہیں، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تاکہ غریب عورتوں کو مدد ملے لیکن یہ لوگ ان کا حق کھارہے ہیں اور اس پروگرام کو ختم کررہے ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے عمران خان سے متعلق کہا کہ عمران خان عجیب قسم کی سیاست کررہے ہیں، وہ کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں، سندھ کے جس وزیراعلی کو کرپشن پر نکالا گیا وہ خان صاحب کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔