لاہور ( این این آئی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے خواتین کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے اور انہیں بلیک میل کرنے کے الزام میں جعلی پیر کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے خیبرپختونخوا کے علاقے ہری پور میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر محمد یعقوب کو گرفتار کرکے اس کے پاس سے متعدد غیر اخلاقی ویڈیوز بھی برآمد کرلیں۔ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ خواتین جعلی پیر کے پاس
اپنے مسائل کے حل کے لیے آتی تھیں،جعلی پیر خواتین کی غیر اخلاقی ویڈیوز اور تصاویر بنا کر انہیں جنسی ہراساں کیا کرتا تھا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ نے جعلی پیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور ملزم کا مقامی عدالت سے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 21 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر میں خواتین کی فلمیں بنا کر انہیں بلیک میل کرنے والے جعلی پیر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔