کراچی ( این این آئی )سپریم کورٹ نے 16سال بعد ڈکیتی اور قتل کے مقدمے میں ملزمان کی عمر قید کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کر دیا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیس میں گرفتار ملزمان اعجاز علی اور سہیل احمد کی اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمان کی عمر قید کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کر دیا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے
کہ پراسیکیویشن ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی، ٹھوس شواہد نہ ہونے پر شک کا فائدہ ملزمان کو جاتا ہے۔یاد رہے کہ 2002 میں حیدر آباد میں مقدمہ درج ہوا۔ پراسیکیوشن کے مطابق صادق علی سے پرائز بانڈز چھیننے کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے اسے قتل کر دیا۔ سیشن عدالت نے دونوں ملزمان کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا تھا جس کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے بھی سیشن عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔