اسلام آباد(این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ سید پرویز مشرف نے اپنے دورحکومت میں امریکہ کے شدید دباؤ کے باوجود ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو تحفظ فراہم کیا۔ کرنسی نوٹ پر اپنی تصویرچھاپنے کی خواہش سیدپرویز مشرف پر لغو الزم ہے۔میرظفراللہ جمالی پرویز مشرف کی طرف سے وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے پر دل کی بھڑاس نکال رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کی طرف سے ایک نجی ٹی وی چینل کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران سابق صدر پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ میرظفراللہ جمالی کو سید پرویز مشرف نے وزارت عظمیٰ سے ہٹایا تھا جسے انہوں نے دل پر لگا لیا۔اب وہ سید پرویز مشرف پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر اپنے دل کی بھڑاس نکال رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا سابق صدر پر امریکہ کی طرف سے شدید دباؤ تھا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کو تحقیقات کے لئے ان کے حوالے کیاجائے مگر سید پرویز مشرف نے ایسا کرنے سے نہ صرف انکار کیابلکہ ڈاکٹر اے کیوخان کو تحفظ فراہم کیااور ان کی سیکیوریٹی مزید سخت کردی۔انہوں نے کہا کہ میرظفراللہ جمالی کا یہ دعویٰ بھی بے بنیاد ہے کہ سید پرویز مشرف پاکستانی کرنسی نوٹوں پر اپنی تصویر چھاپنے کی خواہش رکھتے تھے۔سید پرویز مشرف ایک محب وطن پاکستانی ہیں اور انہوں نے اپنی ذات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف اور صرف ملک و قوم کی سربلندی،ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کیا۔