لاہور ( این این آئی) صوبائی دارالحکومت میں صبح سویرے ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ رات پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونیوالی طوفانی بارش کے بعد موسم تو بدل گیا تاہم آسمان سے چھاجوں برستے پانی نے شہری سہولتیں فراہم کرنیوالے اداروں کا پول کھول کر رکھ دیا، گٹر ابلنے لگے، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا،
کئی علاقوں میں دیواریں اوردرخت گر گئے۔شورکوٹ کینٹ اور جڑانوالہ میں کئی ٹرانسفارمرجواب دے گئے۔ بھکر کی تحصیل دریاخان اورگردونواح میں طوفانی بارش سے خستہ حال دیواریں گرگئیں۔ ڈیرہ غازی خان اور گرد ونواح میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ بہاولنگر، جھنگ، کلورکوٹ، اوکاڑہ، گوجرہ، احمدپورسیال میں آندھی اور بونداباندی سے موسم خوشگوارہوگیا۔ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں بھی بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب رہی ۔