لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے آئندہ عام انتخابات کیلئے پنجاب میں کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 5سال کے دوران پنجاب کے سیاسی محاذ پر متعدد معاملات میں پاکستان عوامی تحریک، مسلم لیگ (ق) اور جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کے اتحادی کا کردار ادا کیا تاہم اب پی ٹی آئی نے کسی بھی جماعت سے انتخابی
اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی اتحاد کے معاملے پر قیادت کا موقف ہے کہ اپنے ہی پلیٹ فارم سے الیکشن میں لڑنے سے پارٹی ڈسپلن برقرار رہتا ہے جبکہ انتخابی اتحاد میں معاملات کنٹرول سے باہر ہوجاتے ہیں اور ایسے سمجھوتے کرنے پڑتے ہیں جن کا اثر کئی برسوں تک رہتا ہے۔ اس لئے عمران خان نے سیاسی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے کسی بھی قسم کے اتحاد سے معذرت کرلی ہے۔