اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں دوماہ کی تاخیر دیکھ رہا ہوں تاخیری حربے شریف برادران کے گلے پڑیں گے‘ شہباز شریف کی نواز شریف کے سامنے کوئی حیثیت نہیں‘ منی لانڈرنگ میں ملوث وزیر کا پہلے ملک سے بھاگ جانا اور پھر سینیٹر بن جانا بدقسمتی ہے کشمیر میں ظلم کے خلاف حکومت کو یوم سیاہ کی کال دینی چاہیے تھی بھارت نے میلی نظر سے دیکھا تو نیست و نابود ہوجائے گا۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں
شیخ رشید احمد نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں میں ایک ہزار سے زائد اعتراضات ہوچکے ہیں کیا الیکشن کمیشن ایک دن میں 30 سے زائد اعتراضات کو سن سکتا ہے اس کے بعد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ ہے اس لیے میں انتخابات کو ستمبر‘ اکتوبر تک جاتے دیکھ رہا ہوں انہوں نے کہا کہ واجد ضیاء 3 اہم باتیں بتا چکا ہے کہ منی ٹریل نہیں دی گئی یہ تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں جو ان کے گلے پڑ جائیں گے۔ شریف برادران خدا کی پکڑ میں ہیں۔ یہ ضرور جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آج تک کلبھوشن کا نام نہیں لیا یہ تو پاکستان سے بھی مخلص نہیں ہے ان کی کوشش ہے کہ کوئی جسٹس قیوم مل جائے انہوں نے کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ ایک شخص منی لانڈرنگ میں ملوث ہے وہ ملک سے پہلے بھاگتا ہے پھر ایک ہسپتال میں جاکر لیٹ جاتا ہے اور پھر سینیٹر بھی بن جاتا ہے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی ٹرین ن لیگ سے چھوٹ گئی ہے شہباز شریف تو نواز شریف کے سامین بکری ہے انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں عمران خان کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے عمران خان ملک کیلئے بہتر پڑھا لکھا ہے وزیراعظم بنا تو بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ قوم تقسیم ہوچکی ہے پنجاب میں پیپلزپارٹی کے لئے بہت مشکل ہے سندھ میں ان کی اکثریت ہے تاہم پاکستان کی سیاست رات کو کچھ اور دن کو کچھ اور ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ
کشمیر میں ظلم کے خلاف آرمی چیف نے آواز اٹھائی یہ حکومت کا کام ہے کہ وہ ساری جماعتوں کو لے کر یوم سیاہ کی کال کرے قومکو اکٹھے ہوکر کشمیر میں ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن کو صرف کوٹھی اور سیکیورٹی چاہیے ہوتی ہے کشمیری تو اس کو مانتے بھی نہیں ہیں اور اسے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاک فوج بھارتی جارحیت کا جواب دے رہی ہے اگر بھارت نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو خود نیست و نابود ہوجائے گا۔