لاہور ( این این آئی) گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے شہری اظہر عباس کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے شریک چیئر پرسن بھی ہیں، آئینی طور پر شہباز شریف دو عہدے نہیں رکھ سکتے، شہباز شریف نے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس طرح انہوں نے اپنے اٹھائے گئے حلف کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں وہ آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت اہل نہیں رہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت شہباز شریف کو
وزارت اعلی سے نااہل قرار دے، کیس کا فیصلہ سنانے تک انہیں وزیراعلی کی حیثیت سے کام کرنے سے روکے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رانا محمد سراج الاسلام عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ درخواست گزار گزشتہ 4 پیشیوں سے حاضر نہیں ہو رہا، درخواست ناقابل سماعت ہے، خارج کی جائے۔جس پر فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد شہری اظہر عباس کی درخواست عدم پیروی پر خارج کردی۔لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی نااہلی کیلئے دائر کردہ درخواست مسترد کردی۔