اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پشتون تحفظ موومنٹ کو بیرون ملک سے ایک ملین ڈالر بھجوائے جانے کا انکشاف، معروف ویب سائٹ کا دعویٰ۔ پاکستان کے حالات بگاڑنے کیلئے عالمی طاقتوں اور دشمن ممالک کی سازش بے نقاب ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے نام سے ابھرنے والی قوم پرست تحریک کا دائرہ اثر بڑھتے ہی ملک کے سکیورٹی اداروں میں اس تحریک
کی نوجوان مگر ناپختہ قیادت کے غلط ہاتھوں میں جانے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ پاکستان کے معروف ویب سائٹ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے حوالے سے مستند ذریعہ سے دعویٰ کیا ہے کہ حال ہی میں پشتون تحفظ مومنٹ کو بیرون ملک سے ایک ملین ڈالر بھجوائے جانے کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ اب تک کی چھان بین کے مطابق مذکورہ رقم سمیت بعض دیگر رقوم کی فراہمی کیلئے معروف قوم پرست رہنماؤں اور ایک دینی شخصیت کو بھی استعمال کیا گیا ہے جنہیں ایسے امور سر نجام دینے کا تجربہ ہے۔ ایک مد میں رقم کابل اور دوسری مد میں رقم لندن سے بھجوائی گئی۔ ایک اور ذریعہ کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے قائد منظور پاشتین نیک نیتی سے قبائلی پشتونوں کو درپیش مسائل منظر عام پر لانے کیلئے اٹھا تھا ۔ اس کے عام سے رہن سہن اور کھاتوں میں اب تک کوئی فرق نہیں پڑا لیکن جیسا ماضی میں ہوتا آیا ہے، نادیدہ ہاتھوں نے اس تحریک کا رخ موڑ دیا ہے۔ بات شروع ہوئی تھی نقیب محسود کے بہیمانہ قتل سے لیکن راؤ انوار نے خود کو سپریم کورٹ کے حوالے کر دیا اب یہ معاملہ عدالتوں میںزیر سماعت ہے۔ تحریک اب اس نہج پر چل پڑی ہے جہاں ممکن ہے منظور پاشتیں خود کو بے بس سمجھے۔تحریک کے ابتدائی مطالبات منظور ہونے کی پیشرفت کے بعد اصولاً اس تحریک کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت نہیں تھی تاہم اب یہ تحریک نقیب اللہ محسود کے قتل کے حوالے سے
شروع ہونے کے بعد اپنا اثر و رسوخ دیگر سیاسی اور علاقائی مسائل میں بھی استعمال کر رہی ہے اور نئے ایشو پیدا کرنے کی کوشش کرتی نظر آتی ہے۔