لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے 11سینٹرز کی نااہلی کیلئے درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر تے ہوئے اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دیدیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمورکی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں محمد نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے کیلئے اور بعد ازاں
پارٹی صدارت سے بھی نا اہل قرا ردیا ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے مسلم لیگ (ن )کے امیدواروں کو آزاد قرار دیا گیا حالانکہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار نہیں ہے جس کے تحت کسی جماعت کے امید واروں کو آزاد قرار دیا جاسکے۔الیکشن کمیشن نے یہ اقدام کر کے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ۔ استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کا مسلم لیگ (ن)کے امیدواروں کو آزادقرار دینے اور ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اسی نوعیت دیگر تمام درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔