لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جب چیف جسٹس ثاقب نثار عہدے پر نہیں ہونگے تو میں ان پر کہانی لکھوں گا ۔ نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ن لیگی رہنما نے کہا ہے کہ میرے لہجے میں کو ئی بدلائو نہیں آیا میں جیسے پہلے تھا اب بھی ویسا ہی ہوں اور آنے والے وقت میں بھی ایسا ہی رہوں گا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کبھی ججوں کو گالم گلوچ اور برا بھلا نہیں کہا ۔
سوشل میڈیا اور میڈیا نے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے ۔ میں اقرار کرتا ہوں کہ لفظ سازشی استعمال کیا تھا لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ہمارے معزز جج کسی بھی طرح سے سازشی ہو سکتے ہیں ۔ میں نے حساب مانگنے والوں سے پوچھا تھا کہ آپ بتا دیں کہ بابا رحمتے کون ہے؟ جو لوگ بابا رحمتے کو پکارتے ہیں وہ پکارتے رہیں میں تو معصوم ہوں ، مکمل آئین کی پیروی کرتا ہوں ۔نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا نام تو میاں ثاقب نثار ہے ۔ میں تو انہیں بابا رحمتے نہیں پکارتا ، میں نے جیل سے نکل کر صرف اتنا پوچھا تھا کہ کون ہے یہ بابا رحمتے ؟ ۔