سکھر(این این آئی) ملک میں بارشیں نہ ہونے اور گلیشیئر نہ ہونے کے باعث پانی کی کمی برقرار، ڈیموں میں پانی کی سطح میں مزید کمی، سندھ میں پانی کی قلت اکھتر فیصد ہوگئی, سکھر اور گڈو بیراجوں سے نکلنے والی رائیٹ بنک کینال کی نہریں کل سے بند کرنے کا اعلان ,بلوچستان کو بھی پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا اندیشہ تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشیں نہ ہونے اور گلیشیئر نہ پگھلنے کے باعث پانی کی کمی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے
اور ڈیموں میں بھی پانی کی سطح بھی روز بروز کم ہوتی جارہی ہے جبکہ اس صورتحال کے باعث سندھ میں پانی کی کمی اکھتر فیصد تک پہنچ گئی جس کی وجہ سے سندھ میں خریف کی فصلوں کی بوائی شدید متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے سندھ میں پانی کی کمی کے باعث محکمہ آبپاشی کی جانب سے گڈو بیراج اور سکھر بیراج سے نکلنے والی رائیٹ بنک کینال کی چھ نہروں کو کل یکم اپریل سے تیس اپریل تک ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی وجہ سے سندھ کے کاشتکار سخت پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ نہروں کی ایک ماہ سے بندش کی وجہ سے شکارپور, لاڑکانہ, جیکب آباد اضلاع اور بلوچستان کو پانی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔