ایبٹ آباد (این این آئی) لورہ کے علاقہ بسایاں میں نماز کیلئے پانی گرم کرنے کی تاخیر پر ناخلف بیٹے نے فائرنگ کر کے پہلے ماں کو قتل کر دیا، ساتھ بیٹھے دوسرے بیٹے نے بھائی سے پستول چھین کر سگے بھائی اور ماں کے قاتل کو قتل کر دیا۔ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مقتولین ماں بیٹے کے لواحقین کی رپورٹ پر تھانہ لورہ میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ روز بسایاں میں نعمان ولد مبارک نے جمعہ کی نماز کیلئے پانی گرم کرنے میں تاخیر پر فائرنگ کر کے اپنی 50 سالہ ماں شمیم بی بی زوجہ مبارک خان کو قتل کر دیا۔ ماں کو تڑپتا دیکھ کر نعمان کے بھائی عبدالمنان نے نعمان سے پستول چھین کر فائرنگ کر کے اسے بھی قتل کر دیا۔ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ وقوعہ کی اطلاع پر لورہ پولیس موقع پر پہنچ آئی اور نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے آر ایچ سی لورہ منتقل کیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالہ کر دی گئیں ہیں۔ مقتولین ماں بیٹے کے لواحقین کی رپورٹ پر تھانہ لورہ میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزم کی تلاش کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔