اسلام آباد،پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)معروف صحافی حامد میرکا نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سینٹ الیکشن میں جو سب سے بڑا اپ سیٹ مجھے نظر آرہا ہے وہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سنا ہے کہ امیر مقام کے مطابق کے پی کے اسمبلی میں ن لیگ کے امیدوار کی مضبوط پوزیشن ہے۔ ن لیگ کے ہی لوگوں نے بتایا ہے کہ اگر امیر مقام اگر اپنے امیدوار جتوانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس میں ن لیگ
کے ایم پی ایز کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔کیونکہ ن لیگی ایم پی ایز کہیں اور چلے گئے ہیں۔ محمد مالک نے بتایا کہ امیر مقام نے شہباز شریف سے کہا ہے کہ میں آپ کا ایک بڑا جلسہ کروانا چاہتا ہوں، مشرف کے بعد نواز شریف اور اب نواز شریف کے بعد امیر مقام شہباز شریف کے جلسے کروائیں گے۔ ادھرسینیٹ انتخابات کے موقع پر ممکنہ ہارس ٹریڈنگ کے خدشات کے باعث خیبر پختونخوا ارکان اسمبلی کی سخت تلاشی لی گئی، ارکان اسمبلی کے کوٹ اور واسکٹ اتروا کر تلاشی لی گئی، سخت تلاشی پر ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی نے شدید احتجاج کیا، احتجاج کے باعث پولنگ کا عمل دوسری مرتبہ کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا۔ ہفتہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے دوران ممکنہ ہارس ٹریڈنگ کے خدشات پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے، اسمبلی میں ارکان کے کوٹ اور واسکٹ تک کو اتار کر تلاشی لی گئی جس پر ارکان اسمبلی نے سخت احتجاج کیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ واسکٹ پہننا ان کی روایات میں شامل ہے جبکہ پولنگ ایجنٹ نے موقف اپنایا کہ واسکٹ پہن کرآنا الیکشن قوانین کے خلاف ہے، احتجاج کے باعث پولنگ کا عمل دوسری مرتبہ کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا۔ اس سے قبل پولنگ بوتھ کے اوپر سیکیورٹی کیمرے کی موجودگی کے انکشاف پر بھی پولنگ کا عمل روکا گیا تھا۔جب کہ نگہت اورکزئی تلاشی لینے پر شدید برہم ہوگئی۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے ا راکین نے پولنگ بوتھ کے اوپر لگے سی سی ٹی وی کیمرے پر بھی شدید اعتراض کیا۔



















































