اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان کے خیر سگالی کے جذبات کے باوجود بھارت کی تنگ نظری اور ہٹ دھرمی جاری ، بھارت نے اب پاکستانی زائرین کو خواجہ نظام الدین کے سالانہ عرس میں شرکت پر تمام زائرین کو ویزے کے اجراء سے انکار کر دیا۔ پاکستان نے اس بھارتی اقدام اور منفی رویئے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت نے ویزے سے انکار کر کے باہمی پروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے ‘
ایسے اقدام باہمی معاہدوں کے ساتھ مذہبی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت ے پاکستانی زائرین کو خواجہ نظام الدین کے سالانہ عرس میں شرکت سے روک دیا۔ بھارت نے آخری لمحے پرتمام زائرین کو ویزے کے اجراء سے انکار کیا۔ عرس یکم سے 8 جنوری 2018ء تک دہلی میں ہونا ہے ۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی اقدام پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔ بھارت نے ویزے سے انکار کر کے باہمی پروٹوکول کی خلاف
ورزی کی ہے۔ دونوں ممالک میں 1974ء کا مذہبی سیاحت کا باہمی پروٹوکول موجود ہے۔ قبل ازیں گرو ارجن دیو اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی پر بھی بھارت نے تاخیر سے جواب دیا۔ پاکستان نے گرو ارجن‘ مہاراجہ رنجیت کی برسی پر خصوصی ٹرین کی پیشکش کی تھی۔ بھارتی جواب میں تاخیر کی وجہ سے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان آنے سے محروم رہے تھے۔ ایسے اقدامات باہمی معاہدوں کے ساتھ مذہبی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔ بھارت عوامی سطح پر رابطوں پر قدغن لگا کر تعلقات معمول پر لانے کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔