اسلام آباد (این این آئی) چین کی ہیوی ڈیوٹی گاڑیاں، انجن، سپیئر پارٹس اور ٹائر تیار کرنے والی کمپنیوں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں ہیوی ڈیوٹی گاڑیاں اور سپیئر پارٹس تیار کرنے کے پلانٹس لگانے میں دلچسپی ا ظہار کیا۔ وفد میں چین کی جینان زانگزن انٹرنیشنل ٹریڈ کمپنی ، جینان بونیٹ کمپنی لمیٹڈ، ہیبی زنجیائو ہیوی ڈیوٹی مشینری کمپنی لمیٹڈ، شنگائی چیزمیل ای
کامرس کمپنی لمیٹڈ اور دیگر کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ چین کی تقریبا 500آٹوموبائل کمپنیوں کی نمائندگی کرتے ہیںجو یورپ سٹینڈرڈ کی گاڑیاں اور سپیئر پارٹس تیار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے موجودہ دورے کا مقصد پاکستان میں بڑی گاڑیوں اور سپیئر پارٹس کے کاروبار کے مواقع تلاش کرنا ہے کیونکہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ شروع و ہ اپنی گاڑیاں اور سپیئر پارٹس پاکستان میں سپلائی کرنے کیلئے مقامی پارٹنرز کی تلاش میں ہیں اور کامیاب کاروبار کی صورت میں پاکستان میں گاڑیوں اور سپیئر پارٹس کے پیداواری پلانٹس لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس شعبے میں اپنی تکنیکی مہارت اور نالج پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں تا کہ وہ بھی اپنے کاروبار کو فروغ دینے میں سہولت محسوس کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ مقامی تاجر برادری میں اپنی مصنوعات اور کاروباری مواقعوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے چیمبر میں ایک سمینار بھی منعقد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان میں ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں اور سپیئر پارٹس کی بہت مانگ پائی جاتی ہے کیونکہ ہمارے ملک میں 90فیصد تجارتی اور دیگر مال زمینی راستے سے ترسیل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان
میں کئی انڈسٹریل زونز قائم کئے جائیں گے جس وجہ سے بڑی گاڑیوں اور ان کے سپیئر پارٹس کی مانگ میںمزید اضافہ ہو گا لہذا انہوں نے کہا چین کے سرمایہ کاروں کیلئے یہی مناسب وقت ہے کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچرز کے ذریعے بڑی گاڑیاں اور سپیئر پارٹس بنانے کے پلانٹس لگانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک مضبوط مڈل گلاس ابھر رہی ہے اور چین کی گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں اس گلاس کیلئے بھی ایک ہزار سی سی سے کم گاڑیاں بنانے کے امکانات کا جائزہ لیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین آٹوموبائل شعبے کی ایس ایم ایز کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی کوشش کریں کیونکہ پاکستان میں ان کیلئے کاروبار کے بے شمار مواقع پائے جاتے ہیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صحیح پارٹرنز کے ساتھ رابطہ قائم کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔