اسلام آباد (آن لائن)سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ رائٹس دینے کے معاملے پر 28 ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کے وفد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باضابطہ تحریری درخواست جمع کروائی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ، کینڈا اور دیگر ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں نے الیکشن کمیشن میں مشترکہ درخواست جمع کروائی۔
تحریک انصاف برطانیہ کے سیکرٹری جنرل باسط شاہ نے درخواست کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔اس درخواست پر آئرلینڈ، سپین، جاپان، ہانگ گانگ، کینیڈا سویٹزرلینڈ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور بیلجیئم میں بسنے والے پاکستانیوں نے دستخط کیئے۔اس موقع پر باسط شاہ نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی ملکی ترقی میں کلیدی کردارادا کررہے ہیں۔
ملک سے باہر بسنے والے پاکستانی اپنی محنت سے قیمتی زرمبادلہ بھجواتے ہیں۔سپریم کورٹ اپنے حکمنامے میں الیکشن کمیشن کو سمندر پاکستانیوں کو رائے شماری کا حق دینے کا حکم دے چکی ہے۔سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد الیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے۔ باسط شاہ واضح کیا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں ووٹ کا حق نہ دیا تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔