اسلام آباد(این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا ہے، ہم سب مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرینگے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے سے قبل بہت پریشان تھا تاہم عمران خان کیخلاف نا اہلی کی دائر درخواست مسترد ہونے پر خوشی ہے۔ذرائع کے مطابق شاہ محمود سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے قبل تحریک انصاف کے قائدین کے ہمراہ انتہائی سنجیدگی کے ساتھ ٹی وی سیٹ کے سامنے بیٹھے فیصلے کا انتظار کرتے رہے جیسے ہی فیصلے کا اعلان کیا گیا تو شاہ محمود قریشی کے چہرے پر خوشی کے ابھرنے والے تاثرات دیدنی تھے۔ واضح رہے کہ جمعہ کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے لیگی رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر جہانگیر ترین کو نا اہل قرار دیا جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کیخلاف نا اہلی کی درخواست مسترد کردی۔تحریک انصاف کے اندرونی حلقوںکے مطابق اس وقت جہانگیر ترین گروپ شدید مایوسی کا شکار ہے جبکہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پیپلزپارٹی سے آنیوالے قائدین کا گروپ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پارٹی میں تیزی سے اپنی جڑیں مضبوط اور طاقت اختیار کر جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی تحریک انصاف میں شاہ محمود اور جہانگیر ترین گروپ کے حوالے سے خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں۔