اسلام آباد(سی پی پی )تحریک لبیک کے فیض آباد دھرنے کے خاتمے کیساتھ ہی منگل کو22ویں روز میٹروبس سروس بحال کردی گئی،فیض آباد سٹیشن ٹوٹ پھوٹ کا شکارہونے کے باعث میٹروبس وہاں نہیں رکی، فیض آباد سٹیشن پرکھڑے لوگ شدید پریشانی کا شکار ہو ئے۔تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعت کے دھرنے کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان میٹرو بس سروس بھی معطل ہوگئی تھی جو منگل کی صبح چھ بجے دوبارہ سے شروع کردی گئی ہے۔
دھرنے والوں کی جانب سے فیض آباد اسٹیشن کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا تاہم منگل کو جب میٹرو سروس دوبارہ شروع ہوئی تو میٹرو بس کو فیض آباد اسٹیشن پر نہ رکنے کا حکم دیا گیا ۔ جس کے باعث وہاں پر موجود سواریوں میں غم و غصے لہر دوڑ گئی اور وہ سخت پریشان دکھائی دیے ۔دوسری جانب حکومتی ذرائع نے بتایا کہ فیض آباد میٹروسٹیشن پر تھوڑ پھوڑ کی وجہ سے بس کا سٹاپ فی الحال معطل کیا تاہم جلد میٹروسٹیشن کی مرمت کرکے اسے بحال کردیا جائے گا ، تکلیف کیلئے عوام سے معذرت چاہتے ہیں۔