اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے کے ایک پائلٹ کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی ہے اور اس ویڈیو میں ان کی قابلیت اور صلاحیتوں کی تعریف کی گئی ہے، یہ ویڈیو فیس بک کے ایک صارف نے شیئر کی ہے، صارف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 536 کراچی سے روانہ ہوئی لیکن راستے میں سکھر کے علاقے میں خراب موسم کی وجہ سے پرواز نے فضاء میں ہچکولے کھانا شروع کر دیے جس سے جہاز میں موجود تمام مسافر انتہائی خوفزدہ ہو گئے، یہ صورتحال تقریباً آدھا گھنٹہ رہی اس کے بعد جہاز کے پائلٹ امجد محبوب اور عثمان ہاشم بلوچ
سمیت اس جہاز کی دیگر ٹیم نے ہمیں آ کر بتایاکہ اب جہاز خطرے سے باہر ہے، سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ پاکستان ائیر لائنز کے پائلٹ نے اپنی قابلیت اور مہارانہ صلاحیتوں کی بدولت جہاز کو ایک بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بچا لیا۔ اس دوران صارف نے سوشل میڈیا پر پائلٹ کی ایک ویڈیو شئیر کی جس میں پائلٹ نے پرواز کے محفوظ ہونے اور کراچی میں دوبارہ لینڈ کروائے جانے سے متعلق مسافروں کو آگاہ کیا اور مسافروں نے پائلٹ کا شکریہ ادا کیا۔ جس پر پائلٹ نے کہا کہ یہ سب کچھ تو اللہ پاک کے ہاتھ میں ہے شکر ہے کہ اللہ نے ہمیں محفوظ رکھا۔