لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے دُنیا ٹی وی چینل کو قا نونی نوٹس جاری کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ 17۔11۔2017کو دنیا چینل پر نشر کی گئی خبر بے بنیاد، جھوٹی اور من گھڑت ہے، جس میں یہ کہا گیا تھا کہ نیب لاہور کے اہلکاروں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کے آفس میں چھاپہ مار کر دفتری ریکارڈ کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ قانونی نوٹس میں مزیدکہا گیا کہ ایسا کوئی واقعہ رونما ہی نہیں ہوا اور ایسی بے بنیاد، جھوٹی اور من گھڑت خبر سے ہمارے موکل کی ساکھ بُری طرح
متاثر ہوئی ہے۔اِس خبر کے شائع ہونے کے باعث میرے موکل کی ٹیم کو ساکھ خراب ہونے پر ذہنی اذیت کا سامنا ہے، جو ساکھ انہوں نے ایک عرصہ تک فیلڈ میں اپنی خدمات پیش کرکے حاصل کی تھی۔ قانونی فرم سی کے آر اینڈ ضیاء کے ایڈووکیٹ چوہدری عطا الہی کی جانب سے جاری کردہ قانونی نوٹس میں لکھا ہے کہ خبر کی تردید اورہمارے موکل کے تاثرات اور موقف واضح کرنے کیلئے چینل کو تین دن کا وقت دیا گیا ہے، بصورت دیگر قانونی کاروائی پر تمام تر نتائج کا ذمہ دار دنیا نیوز چینل ہو گا۔