لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے سر کا خطاب واپس لینے کی درخواست پر وفاق سے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے سر کا خطاب واپس لینے کے لئے دائر درخواست پرسماعت ہوئی ۔درخواست گزار نے عدالت سے موقف اختیار کیا کہ ملکہ برطانیہ نے پاکستان کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پرسابق وزیر اعظم نواز شریف کو سرکا خطاب دیا۔ سابق وزیراعظم نے سر کا خطاب وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر وصول کیا۔ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے
فیصلے میں نوازشریف کو نااہل قراردیا ہے ۔ اس فیصلے کی روشنی میں نوازشریف سر کے خطاب کے اہل نہیں رہے۔درخواست میں مقف اختیارکیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیرسر کا خطاب پاکستانی آئین کےآرٹیکل دو اے اور دو سو انچاس کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ نواز شریف سر کے خطاب کے اہل نہیں ہیں اور عدالت نوازشریف سے سر کا خطاب واپس لینے کے احکامات جاری کرے۔ وفاقی حکومت نے اپنا جواب داخل کروانے کے لیے مہلت مانگی جس پر عدالت نے وفاق کو 7دسمبر تک اپنا جواب داخل کروانے کی مہلت دے دی۔