تہر ان (این این آئی)پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کا کوئی ٹھکانہ موجود نہیں ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایرانی میڈیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کوششوں کے
حوالے سے پریس بریفنگ دی۔میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے ہر قسم کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے امن کیلئے اپنی سرحد کے اندر بھرپور کارروائیاں کیں اور آج پاکستان میں دہشت گردوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ داعش افغانستان میں اپنے قدم جما رہی ہے جو پورے خطے کے لئے خطرہ ہے اور شدت پسند تنظیم کو شکست دینے کے لیے خطے کے تمام ممالک کو مشترکہ سوچ اپنانا ہو گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک ایران سرحد کو ’دوستی اور امن کی سرحد‘ قرار دیا ہے اور ہم اپنی سرزمین ایران سمیت کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔میجر جنرل آصف غفور نے ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت میں بیان دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خطے میں پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل نہیں کیا جاتا۔