اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف اینکر محمد مالک نے کہا ہے کہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کو حقائق چھاپنے پر ایک وزیر نے قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دی جب
اخبار نے ویڈیو منظر عام پر لانے کا کہا تو اخبار کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جانے لگا، یہ بات انہوں نے پروگرام میں شریک سینئر صحافی عارف حمید بھٹی سے گفتگو میں کی۔ محمد مالک کا کہنا تھا کہ نیو یارک ٹائمز کی صحافی خاتون جس نے مریم نواز کا انٹرویو کیا ہے اس نے یہ بتایا ہے کہ جس جگہ رائیونڈ میں جاتی امرا میں مریم نواز انٹرویو دے رہی تھیں اس 700ایکڑ کے فارم ہائوس میں قیمتی مور اور ہرن گھوم پھر رہے تھے جبکہ مریم نواز جو ڈیجیٹل تسبیح اس وقت ہاتھ میں تھامے ہوئے تھیں وہ قیمتی ہیروں اور جواہرات سے مزین تھا۔ جب یہ چیزیں نیویارک ٹائمز کی خاتون صحافی نے رپورٹ کیں تو ایک وفاقی وزیر نے فون کر کے بڑی سخت زبان استعمال کی اور اس امریکی خاتون صحافی کو قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی۔ جب اس وفاقی وزیر کو یہ بتایا گیا کہ یہ تمام چیزیں ریکارڈ پر ہیں اور ٹیپ میں محفوظ ہیں تو پھر وہ بھی پیچھے ہٹ گئے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے چند دن قبل رائیونڈ جاتی امرا میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو ایک انٹرویو دیا تھا جس کی اشاعت کے بعد چند حصوں سے متعلق مریم نواز کو وضاحت بھی جاری کرنا پڑی تاہم اس انٹرویو کی بدولت مریم نواز تاحال خبروں کی زینت بن رہی ہیں ۔