اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے صوبہ سندھ کے پسماندہ علاقے کی نوسالہ افشین دنیا سے کٹ کر رہ گئی ہے ، اس کی وجہ اس کی گردن کا 180ڈگری پر جھک جانا ہے۔ افشین دراصل ایک عضلاتی مرض کا
شکار ہے جس میں مریض اپنے سر کو صحیح سمت میں رکھنے میں ناکام رہتے ہیں۔ مٹھی کے لوگ افشین کی اس بیماری کو گناہوں کا نتیجہ قرار دیتے ہیں ۔ افشین کے والدین کو ڈاکٹروں نے بھی جواب دیدیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ اس بیماری کے علاج سے قاصر ہیں۔ افشین کی والدہ بتاتی ہیں کہ جب افشین آٹھ سال کی تھی تو وہ گھر کے باہر کھیل رہی تھی، کھیلتے ہوئے وہ زمین پر گر گئی تھی جس سے اس کی گردن متاثر ہوئی اور کچھ ماہ کے بعد اس کی گردن 180کے زاویہ پر جا کر ٹھہر گئی ہے۔افشین کی گردن کا اس حد تک مڑنا اس کیلئے نہایت پریشان کن ہے تاہم اس کے سانس لینے یا بات کرنے میں کوئی دشواری نہیں وہ باقی تمام کام صحیح طریقے سے سر انجام دے رہی ہے تاہم چلنے کیلئے اسے اپنی گردن کو پہلے سامنے کے رخ پر لانا پڑتا ہے اور پھر راستے کا تعین ذہن میں محفوظ رکھ کر چند قدم چلنا پڑتا ہے اور اس کے بعد پھر وہی پریکٹس دوبارہ دوہرا کر مزید آگے بڑھتی ہے۔