کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان پی آئی اے نے سیالکوٹ سے ریاض جانے والی پرواز PK755 کی لاہور میں ہنگامی لینڈنگ، طیارے میں آگ لگنے اور انجن فیل ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سیالکوٹ سے ریاض کی پرواز کے سیالکوٹ ائر پورٹ سے ٹیک آف کے بعد کپتان کو طیارے کے کنٹرول پینل پر کارگو ہولڈ میں دھوئیں کی وراننگ موصول ہوئی۔ کپتان نے مسافروں اور عملے کی حفاظت کے امور کو
مدنظر رکھتے ہوئے طیارے کے کارگو ہولڈ میں آگ بجھانے والا خود کار سپرے استعمال کیا اور طیارے میں تکنیکی خرابی کے پیش نظر لاہور ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی۔ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کو لاؤئج میں منتقل کر کے ان کو ناشتہ فراہم کیاگیا جبکہ طیارے کے کارگو ہولڈ کی مکمل چیکنگ کے بعد اس میں کسی بھی قسم کی آگ یا دھوئیں کے آثار نہیں پائے گئے۔ طیارے کو پی آئی اے انجینئرنگ اور سول ایوی ایشن کی جانب سے مکمل چیک اپ اور فائر بوتلیں دوبارہ لگانے مین تا خیر کی وجہ سے مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے دوپہر2 بجے ریاض کے لئے روانہ کر دیا گیا۔