راولپنڈی (آئی این پی) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر راولاکوٹ اور چری کوٹ میں بلا اشتعال فائرنگ کی‘ فائرنگ سے چغر گائوں کے ایک گھر میں دو بچے شہید ہوگئے‘ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کردیا‘ پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے
مطابق بھارتی فوج نے راولاکوٹ اور چری کوٹ میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فوج نے ککوٹہ‘ چغر‘ سیریاں اور نارا کوٹ میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔ چغر گائوں میں مارٹر گولے سخی کیانی نامی شہری کے گھر پر لگے بھارتی فوج کی فائرنگ سے گھر میں موجود دو بچے شہید ہوگئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں تین بھارتی فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا۔