اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت ایک ہفتے بعد بھی کم نہ ہوسکی۔ چالیس سے پچاس روپے میں بکنے والے ٹماٹر کی قیمت دوسوروپے سے بھی تجاوزکرگئی۔ عوام پریشان ہیں لیکن قیمتیں کنٹرول کر نے والے کہیں دکھائی نہیں دے رہے۔
دس روز پہلے چالیس پچاس روپے فی کلو بکنے والے ٹماٹر کی قیمت دوسو روپے سے بھی زائد ہوگئی ہے۔لاہور، پشاور،ایبٹ آباد، سکھراورفیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں ٹماٹردوسو روپے سےدوسوبیس روپے کلو تک فروخت ہورہا ہے، اسلام آباد میں ٹماٹر کی قیمت 2 سو سے 3سو روپے فی کلو گرام ہے۔ جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں ٹماٹر ایک سوبیس سے ایک سوتیس روپے پر آگیا ہے۔سبزی فروشوں کے مطابق سندھ اوربلوچستان میں حالیہ بارشون کے باعث فصل کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے خوراک سکندر حیات بوسن کہتے ہیں کہ بلوچستان میں پیاز اور ٹماٹر کی فصل تیار ہے چند روزمیں مذکورہ سبزیاں وافر مقدارمیں دستیاب ہونگی۔ہزارہ ڈویژن میں بھی ٹماٹروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں ٹماٹر ایک سو پچاس سے لیکر دوسو روپے فی کلو فروخت کیے جارہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ بھی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی۔ کندھ کوٹ میں بھی ٹماٹر دوسو سے ڈھائی سو روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں،جس سے شہری شدید پریشان ہیں۔