اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)رحم دلی اور مصیبت میں دوسروں کی مدد کا جذبہ اب آہستہ آہستہ ہمارے معاشرے سے مفقود سا ہوتا جا رہا ہے اور اس کی جگہ سنگدلی، لاپرواہی لیتی جا رہی ہے اور اس کی ایک تازہ مثال جہانیاں میں سامنے آئی جہاں جہانیاں کے نواحی گائوں چک 110-10Rکے شفیع کو اس کا نوجوان بیٹا سینے میں درد کی شکایت پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جہاںیاں لے جا رہا تھا کہ تھانے کے سامنے کھڑے ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ناکے پر دونوں باپ بیٹوں کو روک لیا۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں
نے شفیع کے بیٹے سے موٹر سائیکل کے کاغذات طلب کئے جو کہ مکمل تھے مگر ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ان سے رشوت طلب کی ، انکار کے باوجود اہلکار رشوت لینے پر بضد رہے، اسی دوران شفیع کی حالت مزید بگڑ گئی ، شفیع کی حالت بگڑتے دیکھ کر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ہاتھ پائوں پھول گئے اور انہوں نے دونوں کی اجازت دےدی مگر اب بہت دیر ہو چکی تھی، شفیع ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔ ٹریفک اہلکاروں کی رشوت ستانی کے باعث ایک قیمتی جان ضائع ہو گئی۔