اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں رہائشیوں کے پاس گاڑیوں میں اضافے سے ٹریفک کا رش بڑھتا جا رہا ہے، گو کہ اسلام آباد کی ٹریفک پولیس بڑے احسن طریقے سے اپنا کام سرانجام دے رہی ہے مگر پھر بھی بعض اوقات کئی جگہوں پر ٹریفک جام ہو جاتی ہے اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسا ہی کچھ ایک چینی خاتون کے ساتھ ہوا مگر اس باہمت چینی خاتون نے ٹریفک کو کنٹرول کرکے راستہ کھلوا دیا،
واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک صارف نے اسلام آباد کی ایک سڑک پر ٹریفک کے درمیان کھڑی ایک چینی خاتون کی تصویر پوسٹ کی، جس نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔ مینگوباز ویب سائٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیمور زمان نامی صارف نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ یہ اسلام آباد کا سیکٹر ایف 10ہے، جہاں آج بدترین ٹریفک جام تھا، لہٰذا یہ چینی خاتون آگے بڑھی اور ٹریفک رواں کرنے میں مدد کرنے لگی۔اس چینی خاتون نے ایک ہاتھ سے خود پر چھتری تانی ہوئی ہے اور دوسرے ہاتھ سے وہ ٹریفک کو کنٹرول کر رہی ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر کے صارفین اس چینی خاتون کے جذبے کی تعریف کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے تو یہاں تک لکھ دیا کہ ایک چینی خاتون کی وجہ سے اسلام آباد میں تبدیلی کی شروعات ہو گئی ہے۔ ایک اور صارف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر چینی خواتین کو ٹریفک آفیسر رکھ لیا جائے تو دو دن میں ٹریفک کا نظام ٹھیک ہو جائے گا۔ آپ اس چینی خاتون کی ٹریفک کنٹرول کرتے وڈیو دیکھ سکتے ہیں جس میں یہ آپ کو ٹریفک کو رواں کرنے میں کوشاں نظر آئے گی۔