لاہور( این این آئی )ترجمان ایوان وزیراعلی نے کہاہے کہ مالی امداد کے چیکس کی تقسیم اور کھانا بھیجنے کی خبر میں قطعاًکوئی صداقت نہیں ۔ ترجمان نے بتایا کہ ایک روزنامہ میں شائع ہونے والی خبر اور نیوز چینل پر نشر ہونے والی خبر رپورٹر کی ذہنی اختراع ہے جس میں کوئی حقیقت نہیں ۔ ترجمان نے واضح طو رپر تردید کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی ہاؤس سے این اے 120 میں باالخصوص امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزد گی داخل کرانے کے بعد کسی قسم کے چیک تقسیم نہیں کئے گئے
اور لاہور میں الیکشن آفس میں بریانی بھجوانے کے الزام میں بھی کوئی حقیقت نہیں ۔ یہ الزام نہ صرف غلط ہے بلکہ اسے مضحکہ کہاجائے تو بے جانہ ہوگا ۔ انہو ں نے کہاکہ ایسی خبر صحافی اقدار کے منافی ہے ۔ ایوان وزیراعلی اس کی پر زور تردید کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رپورٹر نے جس آفس کو وزیراعلی کا کیمپ آفس کہاہے وہ وزیراعلی کا کیمپ آفس ہی نہیں ہے ۔ خبر نگار کو خبر جاری کرتے ہوئے اعلی صحافتی اقدار کے مطابق متعلقہ حکام سے تصدیق کرنی چاہیے تھی اور ان کا موقف بھی شائع کرنا چاہیے تھے ۔