کراچی(این این آئی) سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ اسٹیل مل کی نجکاری پر میرے اور سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے درمیان طے ہواتھا کہ فیصلہ نجکاری کے حق میں آئے گا ،مگر افتخار چوہدری نے نجکاری کے خلاف فیصلہ دیا۔ ایک خصوصی انٹرویو میں پرویز مشرف نے انکشاف کیا کہ چیف جسٹس بننے کے بعد افتخار چوہدری میرے گھر آئے اور کہا کہ پریشان نہ ہوں جیسا آپ چاہیں گے ویسا ہی ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ اٹارنی جنرل مخدوم علی خان کی موجودگی میں افتخار چوہدری نے کہا کہ اسٹیل مل پر کیا فیصلہ چاہیں گے یہ آفر سن کر میں نے سوچا یہ بندہ ٹھیک نہیں ہے مگر میں دل میں خوش ہوا اور اس دن یہ فیصلہ ہوا کہ اسٹیل مل کی نجکاری رکے گی نہیں مگر اگلے دن افتخار چوہدری نے دھوکا دیتے ہوئے نجکاری کے خلاف فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج وہی اسٹیل مل اربوں روپے کی ڈیفالٹر ہے۔