لاہور ( این این آئی) پنجاب حکومت نے تمام سرکاری محکموں میں نئی بھرتیوں، ملازمین کی اپ گریڈیشن، نئی گاڑیوں کی خریداری، افسران اور وزراء کے غیر ملکی دوروں پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی۔ذرائع کے مطاق حکومت پنجاب نے کفایت شعاری اپنانے اور غیر ضروری اخراجات روکنے کے لئے اہم اقدام اٹھایا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے وزراء اور افسران کے غیر ملکی دوروں اور بیرون ممالک علاج معالجے کرانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکومت پنجاب نے تمام قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد کر دی ہے لیکن ہسپتالوں کی ایمبولینسز خریدی جا سکتی ہیں، ہسپتال جیپ اور کاریں نہیں خرید سکیں گے۔ نئے جنریٹر اور ائیر کنڈیشنر کی خریداری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اس کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر، سرکاری گھروں اور وزراء کے گھروں کی تزئین و آرائش پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی منظوری سے نئی بھرتی ہو سکے گی۔ محکمہ خزانہ کی تمام قسم کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔