اسلام آباد(این این آئی) سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں ملزم کو تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ بدھ کو جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، تاہم نہال ہاشمی بیماری کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔اس موقع پر نہال ہاشمی کے وکیل ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ان کے موکل غیر مشروط معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔
جس پر عدالت نے کہا کہ غیر مشروط معافی تحریری صورت میں مانگیں ٗاس کے بعد عدالت نے مذکورہ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔خیال رہے کہ رواں سال 31 مئی کو نہال ہاشمی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اپنی جذباتی تقریر کے دوران لیگی سینیٹر نے کہا تھا کہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم سے حساب مانگنے والوں کیلئے زمین تنگ کردی جائے گی۔