لاہور ( این انی آئی) چیئرپرسن وومن رائٹس کمیٹی لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سائرہ اشفاق، شنیلہ رمضان وائس چیئرپرسن، پاکیزہ عمر سیکرٹری ، ممبران انعم شیخ، عرسہ کرن، صوبیہ اشرف، نبیلہ فاطمہ، عزت فاطمہ، سائرہ افضل، ہیرا صفور، قرۃ العین، عائشہ میر اورحنا باجوہ نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاج مظاہرہ کیااور عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں
پر ظلم و تشدد عالمی ضمیر جھنجوڑنے کیلئے کافی ہے۔ نام نہاد عالمی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والی زیادتیوں کے خلاف برما کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف وکلاء، ڈاکٹرز، پروفیسرز، انجینئرز، ٹریڈ یونین، مزدور یونین اور تمام مکاتب فکر کو یکجان ہو کر میدان عمل میں اترنا ہو گااور اپنے مسلمان بھائیوں کے تحفظ کی آواز اٹھانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت برما، فلسطین، مقبوضہ کشمیر، چیچنیا اور بوسنیا کے مسلمان انتہائی کرب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ آخر میں کمیٹی کے اراکین نے روہنگیا میں شہید ہونیوالے نہتے معصوم مسلمانوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔