کراچی(این این آئی)قومی احتساب بیورو( نیب) نے این آئی سی ایل اور جے ایس انویسٹمنٹ کیس کی تحقیقات کے لئے عدالت سے اجازت مانگ لی ہے۔رپورٹ کے مطابق دونوں اداروں نے دو ارب روپے کی سرمایہ کاری کرکے قومی خزانے کو 25 کروڑ 52 لاکھ کا نقصان پہنچایا۔تفصیلات کے مطابق قومی خزانے کو پچیس کروڑ سے زائد کا چونا لگانے کا اسکینڈل سامنے آگیا، نیب نے این آئی سی ایل اور جے ایس انویسٹمنٹ کیس کی
تحقیقات کے لئے عدالت سے اجازت مانگ لی۔نیب کے مطابق انکوائری میں انکشاف ہواہے کہ اسکینڈل میں جے ایس انویسٹمنٹ کوفائدہ ہوا،جے ایس انویسٹمنٹ اور این آئی سی ایل میں2 ارب کی سرمایہ کاری ہوئی، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکا لگا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جے ایس انویسٹمنٹ سے دستاویزات طلب کی گئیں تاہم تعاون نہیں کیا، اگراجازت نہ دی گئی تواسکینڈل کی تحقیقات کونقصان ہوگا۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرمایہ کاری کا انکشاف آڈیٹرجنرل کی رپورٹ میں کیاگیا، سرمایہ کاری کے ذریعے قومی خزانے کو25 کروڑ52 لاکھ کا نقصان ہوا،رپورٹ کے مطابق آڈیٹرجنرل رپورٹ پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیا،نیب کو تحقیقات کاحکم دیا، سابق این آئی سی ایل چیئرمین ایازخان نیازی کیخلاف تحقیقات شروع کی، نیب نے جے ایس انویسٹمنٹ کے خلاف بھی تحقیقات شروع کی لیکن جے ایس انویسٹمنٹ نے سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناع حاصل کرلیا اور عدالت نے نیب کو سمن اور بلااجازت تحقیقات کرنے سے روک دیا تھا۔