کراچی(این این آئی)چوتھے پیزاہٹ کراچی گیمز 2017کے سلسلے میں ّ16ستمبر کو بوائز اینڈ گرلز سائیکل ریس کا عظیم الشان انعقاد کیا جارہا ہے اس سائیکل ریس کو کراچی میں امن بحال کرنے اور عوامی خدمات کے اعتراف میںپاکستان رینجرز سندھ اور کراچی پولیس کے شہداء اور انتھک دن رات کام کرنے والے ان اداروں کے افسران و جوانوں کے نام کردیا گیاہے۔ یہ با ت آج ایک خصوصی بریفنگ میں کراچی سٹی اسپورٹس
ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسلم خان ، سیکریٹری محمد خالد رحمانی ، ریس کے اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن (SCA)کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ آف سندھ ہائی کورٹ اورریس کے چیف آرگنائزر اور SCA کے سیکریٹری جنرل ملک کلیم احمد اعون نے بتائی۔دریں اثناء ریس کے چیئر مین عابد علی ایڈووکیٹ کی صدارت میں سائیکل ریس کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سائیکل ریس کو شایان شان انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور تمام سائیکلنگ یونٹس کے عہدیداروں کو ہنگامی طو رپر سائیکلسٹوں کو تیار کرنے کا حکم دیا گیا۔ کلیم اعوان نے سائیکل ریس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بوائز سائیکل ریس ٹھیک صبح 7بجے مزار قائد سے شروع ہوگی اور شاہراہ قائدین سے ہوتی ہوئی شاہراہ فیصل جائے گی اور پھر ایم ٹی خان روڈ سے ہوتی ہوئی مائی کلاچی بائی پاس ، بوٹ بیسن، بلاول چورنگی، محمد بن قاسم پارک،ہائیپر اسٹار سے ہوتی ہوئی20کلومیٹر فاصلہ طے کرنے کے بعد سی ویو پہنچ کر ختم ہوگی جب کہ گرلز سائیکل ریس میکڈونلڈ چورنگی سی ویو سے ٹھیک صبح 8بجے شروع ہوگی اور 8کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد دو دریاء پر ختم ہوگی۔