اسلام آباد/کراچی /لاہور (آئی این پی ) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 69واں یوم وفات ملک بھر میں عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا،مزار قائد پر قرآن خوانی اورفاتحہ خوانی ہوئی ، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مزار پر حاضری د ی اورپھولوں کی چادریں چڑھا ئیں۔اس موقع پر اپنے پیغامات میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کو قائداعظم کے تصور کے مطابق آزادی،
عظمت اور احترام کاگہوارہ بنانے کی کوششیں جاری رکھنے پر زوردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے اپنی سحر انگیز اور دانشمندانہ قیادت کے ذریعے تمام دنیا خصوصا جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کو بیدار کیا۔صدرنے کہاکہ پاکستان سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور آج کے دن ہمیں اس عہد کااعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اپنی تمام ترانفرادی اور اجتماعی توانائیاں ملکی ترقی کے لئے وقف کریں گے۔