اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) غیر ملکی سفیروں کا وفاقی محکموں کا دورہ دفتر خارجہ کے ذریعے ممکن بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرسروسز انٹیلی جنس(آئی ایس آئی) نے وفاقی ادارے سی ڈی اے کو یہ پیغام دیا ہے کہ سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن جیسے اداروں میں غیر ملکی سفیروں کا آنا جانا دفتر خارجہ کے ذریعے ہوناچاہئے۔ اسلام آباد کے ایک نجی اخبار کے مطابق آئی ایس آئی کے ایک افسر نے میئر اسلام آباد اور قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے ملاقات کے دوران انہیں یہ پیغام دیا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایرانی سفیر نے سی ڈی اے کے دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے ملاقات کی تھی۔ جب اسلام آباد کے میئر شیخ انصرعزیز سے آئی ایس آئی کے افسر سے ملاقات بارے خبر پر استفسار کیا گیا تو انہوں نے کنفرم کیا کہ آئی ایس آئی اے کے سینئر افسر سے ملاقات کے دوران ملکی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ خفیہ ادارے کے افسر نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی سفیر سے دفتر خارجہ کی اجازت کے بغیر نہ ملا جائے بلکہ قانونی طریقہ کار کے تحت دفتر خارجہ کی اجازت کے بعد سفیروں سے ملاقات اور ان کے مسائل کو دیکھا جائے۔ میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز نے ایرانی سفیر کے دورے سے متعلق بتایا کہ ایرانی سفارتخانہ سیکٹر ایف سکس میں اپنے دفتر کی توسیع اور تعمیر نو چاہتا ہے اور ایرانی سفیر کا دورہ اسی سے متعلق تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سفارتی معاملات کو دیکھنے کیلئے ایک فوکل پرسن مقرر ہے جو ان مسائل کودیکھتا ہے جبکہ دوسری طرف سی ڈی اے کے ایک افسر نے بتایا کہ قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے اور آئی ایس آئی کے افسر کی ملاقات اچانک اور غیر متوقع نہیں بلکہ شیڈول تھی اور اس کا ایرانی سفیر سے کوئی تعلق نہیں۔