اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی اسلام آباد سے لاہور روانگی کے باعث راولپنڈی سے لاہور تک جی ٹی روڈ کو 3 دن تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی سے لاہور تک جی ٹی روڈ کو 11 اگست تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے اور ٹرانسپورٹرز کو موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پنڈی سے لاہور تک جی ٹی روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ سمیت ایمبولینسز اور فائربریگیڈ کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور ٹریفک کو متبادل روڈ سے گزارا جائے گا۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جگہ جگہ ناکے لگائے جانے اور مری روڈ مکمل بند ہونے کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی میں پولیس نے ریلی کے راستے میں آنے والے مکانات اور دکانوں کے مالکان سے حلف نامے وصول کیے ہیں جس کے مطابق ان سے حلف لیا گیا ہے کہ ’’اپنے مکان یا دکان کو خلاف قانون استعمال نہیں کروں گا، اپنے مکان یا دکان کی چھت سے کسی کو شرارت نہیں کرنےدوں گا جب کہ ریلی روٹ پر مشتبہ افراد کی نشاندہی کروں گا‘‘۔