اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے اسحاق ڈار کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ کوئی نئی بات ہے تو وہ کریں جبکہ جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا کہ ہل میٹل کیس کا اہم ترین حصہ ہے اسحاق ڈار نے کچھ نہیں کیا تو آپ پریشان کیوں ہیں؟ نعیم بخاری کہتے ہیں کیس وکیل نہیں موکل ہارتا ہے۔
بدھ کو پانامہ عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران سینیٹر اسحاق ڈار کے وکیل طارق حسن نے کہا کہ رپورٹ کی ایک خاصیت ہزاروں صفحات کا بھی ہونا ہے، تمام صفحات کو جے آئی ٹی نے بطور شواہد پیش کرنے کی کوشش کی، سماعت کے دوران جسٹس اعجاز افضل خان نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے پاس تیاری کیلئے بہت وقت تھا آپ وہی معلومات دینا چاہتے ہیں جتنی ماضی میں دی تھیں جبکہ جسٹس شیخ عظمت سعید نے اسحاق ڈار کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ کوئی نئی بات ہے تو وہ کریں۔سماعت کے دوران طارق حسن نے کہا کہ جے آئی ٹی نے اسحاق ڈار کو مجرم کیوں تصور کیا؟ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ جے آئی ٹی کو نیب اور ایف آئی اے کے اختیارات حاصل تھے۔ جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا کہ کیا اسحاق ڈار کا ہل میٹل کے قیام میں کوئی کردار نہیں تھا۔ ہل میٹل کیس کا اہم ترین حصہ ہے اسحاق ڈار نے کچھ نہیں کیا تو آپ پریشان کیوں ہیں؟ نعیم بخاری کہتے ہیں کیس وکیل نہیں موکل ہارتا ہے آپ جو دستاویزات جمع کرادیں ہم دیکھ لیں گے۔ طارق حسن نے کہا کہ خیرات کے نام پر کوئی ٹیکس چوری نہیں کی۔