اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گنز سے اندھا کرے اور ہم اسے تجارتی رعایت دیں، یہ کسی صورت ممکن نہیں، وزیراعظم نواز شریف نے سی پیک میں بھارتی شمولیت کے افغان مطالبے کو مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تاجکستان کے
دارالحکومت میں پاکستان، تاجکستان اور افغانستان کے سہہ فریقی سربراہی اجلاس میں افغانستان نے بھارت کو تجارتی راہداری میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اجلاس کے دوران تجارتی راہداری میں بھارتی شمولیت کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مظلوم نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گنز سے اندھا کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ، پاکستان کیلئے یہ ممکن نہیں کہ بھارت ایک طرف تو کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے اور پاکستان اسے انعام و اکرام سے نوازتے ہوئے تجارتی راہداری میں شامل کر لے۔ انہوں نے افغان مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک بھارت کو تجارتی رعایت نہیں دی جاسکتی تاہم ہم نے افغانستان کو راستہ دے رکھا ہے اس کے سامان کی ترسیل کو نہیں روکا جائے گا۔