پشاور(آئی این پی )وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ نے پی ٹی وی پر متنازعہ پروگرام چلانے کا سخت نوٹس لے لیااور وزراتِ اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ کے جوائنٹ سیکرٹری کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ وہ غفلت کے مرتکب پی ٹی وی کے اہلکاروں کے خلاف فوراًانکوائری مکمل کرکے رپورٹ تیار کریں، اس کے علاوہ انہوں نے متنازعہ شاعر پر ، جس نے پشتون برادری کی دل آزاری کی، پرپی ٹی وی پروگرامز میں شرکت پر تاحیات پابندی لگا دی۔
اس سے پہلے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات ، نشریات وقومی ورثہ، جو کہ پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں، نے متنازعہ پروگرام پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اس پروگرام کے نتیجہ میں پشتون برادری کی دل آزادی پر معذرت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پی ٹی وی ایک قومی ادارہ ہونے کی حیثیت سے ایک سخت اور غیر جانبدار ایڈیٹوریل پالیسی پر عمل پیرا ہے جس میں کسی بھی شخص، گروہ یا قومیت کی دل آزاری کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے اس واقعہ میں ملوث پی ٹی وی اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کرنے کا یقین دلایا۔