لاہور (این این آئی)ا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد اسحاق ڈار کی جارحانہ تقریر دیوار سے لگانے کانتیجہ ہے ،مریم نواز شریف بینظیر بھٹو کی طرح سیاست دان نہیں اس لئے انہیں جے آئی ٹی میں بلانا غیر مناسب ہے ،پرویز مشرف پاکستان کے شہری ہیں انہیں ضرور واپس چاہیے اور انہیں جو طلبی کے نوٹسز دئیے گئے ہیں اس میں پیش ہوں ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے لاہو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہاکہ جے آئی ٹی پر تحفظات ہیں اور ان کا ازالہ نہیں کیا گیا اس لئے جے آئی ٹی سے انصاف ہوتا نظر نہیں آرہا۔لیکن پھربھی انشاء اللہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا اور ہم دوبارہ مٹھائیاں بانٹیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد اسحاق ڈار کی جارحانہ تقریر دیوار سے لگانے کانتیجہ ہے اوراگر مسلم لیگ (ن) کو اسی طرح دیوا ر کے ساتھ لگایاجائے گا تو پھر جذباتی سیاست ہی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز بے نظیر کی طرح سیاست دان نہیں انہیں جے آئی ٹی میں بلانا غیر مناسب ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں واضح کردوں کہ شریف خاندان کیخلاف جو لوگ سازشیں کررہے ہیں ان کو ہدایات باہر سے مل رہی ہیں لیکن انہیں منہ کی کھانا پڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جو کامیابیاں سمیٹی ہیں مخالفین اور ملک دشمن عناصر کو یہ ہضم نہیں ہو رہیں ۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے نا مراد ہی رہیں گے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی۔ انہوں نے پرویز مشرف کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں ضرور وطن واپس آنا چاہیے اور انہیں جو طلبی کے نوٹسز دئیے گئے ان کا سامنا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حساب سب کا لیا جائے لیکن انصاف بھی دیا جائے اور انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے ۔