اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے قائم جے آئی ٹی کے سامنے( آج) منگل کو چھٹی بار پیش ہوں گے جبکہ مریم نواز( کل) بدھ کو پہلی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی ،
حسین نواز مریم نواز کی پیشی کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر لئے گئے ہیں ۔ پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی میں آج (منگل کو) وزیراعظم کے بڑے صاحبزادے حسین نواز چھٹی بار پیش ہوں گے اور جے آئی ٹی ان سے لندن فلیٹس ، آف شور کمپنیوں اور دیگر کاروباری امور سے متعلق ایک بار پھر سوالات کرے گی ۔ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کل (بدھ کو) پہلی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی اور ان کمپنیوں سے متعلق سوالوں کے جواب دیں گی جن کی وہ ڈائریکٹر ہیں ۔ پولیس نے حسین نواز اور مریم نواز کی پیشی پر سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا ہے ۔ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد جوڈیشل اکیڈمی پہنچے گی ۔